جامعہ ازہر مصر کے عالمِ دین اور وزارتِ اوقاف کے سابق سربراہ ڈاکٹر سالم عبد الجلیل نے کہا ہے کہ نبی محمد جنت میں کنواری مریم سے شادی کریں گے، ڈاکٹر سالم عبد الجلیل ٹی وی پر ❞المسلمون یتساءلون❝ نامی پروگرام کرتے ہیں، 22 جنوری کو نشر ہونے والے اپنے شو میں ڈاکٹر سالم عبد الجلیل نے کہا کہ ❞بعض احادیث سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ نبی محمد جنت میں حضرت عیسی کی والدہ مریم بتول، فرعون کی بیوی آسیہ بنت مزاحم اور حضرت موسی کی بہن کلثوم سے شادی کریں گے❝۔
انہوں نے سورۃ التحریم کی پانچویں آیت (عسی ربہ ان طلقکن ان یبدلہ ازواجاً خیراً منکن مسلمات مؤمنات فاتنات تائبات عابدات سائحات ثیبات وابکارا) کی تفسیر کرتے ہوئے کہا کہ ❞ثیب فرعون کی بیوی آسیہ ہیں اور بکر مریم بنتِ عمران ہیں❝۔
اس فتوے پر مصری کی عیسائی برادری میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف عیسائی تنظیموں نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف حضرت مریم کے تقدس، طہارت اور بتولیت کی صفت پر ایمان رکھتے ہیں اور یہ کہ ابدی زندگی میں حضرت مریم کی یہ صفت ہمیشہ قائم ودائم رہے گی۔
یاد رہے کہ نبی محمد کی کنواری مریم سے شادی کا یہ کوئی پہلا فتوی نہیں ہے، اس سے پہلے فروری 2010 میں مصری دار الافتاء نے ایسا ہی ایک فتوی جاری کیا تھا جس کا عنوان تھا: ❞من ازواجہ صلی اللہ علیہ وسلم فی الجنہ❝ اور فتوی نمبر 37869 تھا اور اس وقت بھی مصر کی مسیحی برادری نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا۔