Close

امتحان اور مساوی مواقع

مؤمنین کا دعوی ہے کہ خدا نے انسانوں کا امتحان لینے کے لیے انہیں تخلیق کیا ہے، تاہم ایسے بہت سارے دلائل ہیں جو اس دعوے کو غلط ثابت کرتے ہیں، مثلاً ایک شخص ” ا ” ہے جو انڈیا کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں ایک ہندو گھرانے میں پیدا ہوا ہے، اس گاؤں میں ہندو مذہب کے علاوہ کوئی دوسرا مذہب ہے ہی نہیں، اس شخص نے کبھی کسی دوسرے مذہب کے بارے میں نہیں سنا چنانچہ یہ شخص ساری زندگی اپنے خاندان کے مذہب پر رہا اور اسی پر مرا، اب ایک شخص ” ب ” ہے جو سعودیہ کے ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا، اس کے والدین نے بچپن سے ہی اسے یہی سکھایا کہ اسلام ہی دینِ حق ہے، اس شخص نے بھی کبھی کسی دوسرے مذہب کے بارے میں نہیں سنا اور ساری زندگی اپنے خاندان کے مذہب رہا اور اسی پر دارِ فانی سے کوچ کر گیا، اور اب ایک شخص ” ج ” ہے جو ایک بچہ ہے اور یورپ کے ایک دہریہ گھرانے میں پیدا ہوا اور سات سال کی عمر میں ہی مرگیا.

اگر ہم یہ کہیں کہ شخص ” ا ” جہنم میں جائے گا تو یہ ظلم ہے کیونکہ اس نے زندگی میں ہندو مذہب کے علاوہ کسی اور مذہب کے بارے میں سنا ہی نہیں چنانچہ اسے جہنم رسید کرنا ظلم ہوگا، اور اگر ہم یہ کہیں کہ یہ شخص جنت میں جائے گا تو یہ بھی ظلم ہے کہ ایک کافر ہونے کے ناتے اس نے جنت میں جانے والا کوئی کام کیا ہی نہیں کیونکہ اس کے اسلام قبول کرنے کے امکانات صفر 0% تھے اور وہ اسلام کے نقطہ نظر سے کافر ہے، اب اگر اس کا جنت یا جہنم دونوں میں جانا ظلم وزیادتی ہے تو کیا یہ ایک خطرناک تضاد نہیں ہے؟

اگر ہم کہیں کہ شخص ” ب ” جنت میں جائے گا تو یہ ظلم ہوگا کیونکہ اسے مذاہب کو جانچنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، وہ محض ایک وراثتی مسلمان تھا اور وہی کچھ کر رہا تھا جو اسے بچپن سے سکھایا پڑھایا گیا تھا چنانچہ اسے جنت میں بھیجنا ظلم ہوگا کیونکہ وہ محض ایک ایسے عقیدے کی وجہ سے جنت میں چلا گیا جو اس پر پہلے سی ہی تھوپا گیا تھا، اور اگر ہم کہیں کہ وہ جہنم میں جائے گا تو یہ بھی ظلم ہوگا کیونکہ اسلام کے علاوہ اس کے کسی دوسرے مذہب کے انتخاب کے امکانات صفر 0% تھے.

اگر ہم کہیں کہ شخص ” ج ” جہنم میں جائے گا تو یہ بھی ظلم ہوگا کیونکہ وہ ایک بچہ ہے اور ابھی اتنا بڑا ہوا ہی نہیں کہ اپنے لیے درست مذہب کا انتخاب کر سکے، اور اگر ہم یہ کہیں کہ وہ جنت میں جائے گا تو بھی ظلم ہے کیونکہ اس نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا جو دوسروں نے جنت میں جانے کے لیے کیا.

قصہ مختصر کہ جو بھی ہندوؤں کے اس گاؤں میں پیدا ہوا وہ وراثتی ہندو ہے، اسی طرح جو بھی سعودیہ میں پیدا ہوا وہ وراثتی مسلمان ہے… یعنی ہندوؤں کے گاؤں کے لوگ اس امتحان سے نہیں گزرے جو خدا نے وضع کیا ہے جس سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ اصل میں ایسا کوئی امتحان ہے ہی نہیں کیونکہ ایسے امتحان کے لیے یہ لازم ہے کہ تمام انسانوں کو اس کی خبر ہو، لیکن اگر صرف کچھ لوگوں کو اس امتحان کی خبر ہو اور باقیوں کو یا اکثریت کو نا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ خدا کے انصاف کے اصول میں کوئی خلل ہے.

جواب دیں

0 Comments
scroll to top