Close

کیا تم سیکولر ہو؟

قبلہ وکعبہ مولانا صاحب

جنابِ واعظ

عرض ہے کہ یہ دنیا سیکولر ہے

اور آپ اس دنیا کا ایک حصہ ہیں

کاغذ کے وہ نوٹ جو آپ اپنے کھانے پینے اور روز مرہ کی ضروریات کے لیے ادا کرتے ہیں سیکولرازم کی دریافت ہیں

آپ یقیناً ان کاغذ کے نوٹوں کی شکل اچھی طرح جانتے ہیں

اور بینکوں کی عمارتیں بھی آپ نے دیکھی ہوں گی

بینکوں کی بینکاری کا نظام، کرنٹ اور سیونگ اکاؤنٹ وغیرہ سب سیکولرازم کی دریافتیں ہیں

اس نے اپنے نظام کو مذہب سے الگ کردیا

یہ عالمی اقتصادی نظام کا حصہ ہے

اور آپ میرے اے عزیز دوست ان بینکوں سے معاملات کرتے ہیں

آپ چاہیں یا نہ چاہیں

کیونکہ آپ کمزور ہیں

حکومت کو اس سودی نظام کا ذمہ دار مت ٹھہرائیں

کیونکہ حکومت نے یہ عالمی سیکولر نظام لاگو نہیں کیا

بلکہ آپ خود اس حکومت کی کمزوری اور پسماندگی کی ایک وجہ ہیں

میرے عزیز آپ زبردستی کے سیکولر ہیں چاہے آپ کو اچھا لگے یا برا مگر پھر بھی آپ سیکولر ہیں

کیونکہ یہ ساری دنیا سیکولر ہے اور آپ کمزور ہیں

کیا آپ نے تجارت شروع کردی ہے اور مال جرمنی سے منگوا رہے ہیں؟

جی ہاں جرمنی ایک ایسا ملک ہے جو ایجاد کرتا اور مصنوعات تیار کرتا ہے، اور جی ہاں آپ درست کہتے ہیں جرمن سیکولر ہیں چنانچہ ان پر لعنت ہے!!

آپ کو آپ کا مال دینے سے پہلے عالمی ادارے آپ کو مجبور کرتے ہیں کہ آپ بینکوں سے معاملات کریں اور یقیناً آپ اس مال پر انشورنس ادا کرنے کے پابند ہیں…

ہائے انشورنس…

یہ سیکولرازم کی ایک اور مصیبت ہے..

آپ کو بینک کو فائدے دینے ہوں گے تاکہ آپ کا مال آپ تک بخیر وعافیت پہنچ سکے

اور آپ کی رقم بخیر وعافیت ان کمپنیوں تک

چنانچہ آپ سیکولر مولوی ہیں

آپ ہی نے اسلام کے مفہوم کے بارے میں وہ مشہور بات کی ہے نا

کہ اسلام ہر زمان ومکان کے لیے کارآمد ہے

آپ گاڑی چلاتے ہیں

اس گاڑی کو چلانے کے لیے ایک نظام وضع کیا گيا ہے

چلیے قرآن سے ٹریفک کے قوانین نکال کر دیجیے؟

یا پھر آپ کلام کو بغیر سمجھ کے طوطے کی طرح دہراتے ہیں؟

مجھے یقین ہے کہ آپ یہ کہنے کی حماقت نہیں کریں گے کہ ٹریفک کے قوانین جنہیں سیکولر ملکوں نے وضع کیا اور جو ان کے سیکولر نظام کا ایک حصہ ہے قرآن میں موجود ہے…

یا اس مسئلے کے لیے آپ ائمہ اسلام کے فتاوی سے رجوع کریں گے جو اب سے ہزار سال پہلے کہیں کسی خیمے میں رہا کرتے تھے اور اونٹ، گھوڑوں اور گدھوں پر سفر کیا کرتے تھے…!؟

یہ نظام جو آپ کی گاڑی کو دسری بہت ساری گاڑیوں کے ساتھ منظم کرتا ہے سیکولر حسب نسب رکھتا ہے کیونکہ یہ آپ کی دریافت نہیں ہے

یہ نظام آپ کو جرمانے ادا کرنے پر بھی مجبور کرتا ہے

اب آپ چاہیں یا نہ چاہیں آپ کو یہ جرمانے ادا کرنے ہوں گے بالکل جس طرح کسی سیکولر ملک کا کوئی شہری یہ جرمانے ادا کرتا ہے

کیونکہ آپ ایک "” کنزیومر "” ہیں اور اس سیکولر دنیا کو تقویت بخشنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں

آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کا ملک عالمی نظام یا عالمی اقتصادی نظام کے قوانین وضع نہیں کرتا

کیونکہ یہ طاقتور ملک نہیں ہے

اگر آپ دنیا پر اپنا "” غیر سیکولر "” نظام لاگو کرنا چاہتے ہیں

تو میں آپ کو ایک اہم کام کرنے کی صلاح دوں گا

اور وہ ہے سوچنا

سوچنے سے مت ڈریں

کیونکہ اگر آپ نے اپنی کھوپڑی کے خول کے اندر موجود غدود کو استعمال کر لیا تو اللہ آپ کو کوئی سزا نہیں دے گا

اور سوچنے سے آپ زندیقی بھی نہیں ہوجائیں گے

کیونکہ اکیلے ایمان ہی کافی نہیں ہے

کیا آپ نے غزوہ خندق کے بارے میں سنا ہے؟

کیا آپ نے نوٹ کیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسباب کو اہمیت دی

اللہ پر ایمان کے ساتھ ساتھ خندق بھی کھودا گیا

کیونکہ ایمان اور عقیدہ کافی نہیں ہوتا

اور صرف عمل ہی عبادت نہیں

اگر اس دنیا میں آپ کا وجود محض عبادت کے لیے ہے

تو میری آپ کو یہ تجویز ہے کہ تمام ایجادات سے دستبردار ہوجائیں

کیونکہ یہ ساری ایجادات کسی نہ کسی سیکولر ملک سے آئی ہیں

اور صحراء میں خیمہ نصب کر لیں اور اپنی باقی ماندہ زندگی وہیں گزاریں

یہ آپ ہی کہتے ہیں نا کہ آپ کا وجود محض اللہ کی عبادت کے لیے ہے!!

چنانچہ صحراء کی زندگی آپ پر زبردستی لاگو کردہ عالمی سیکولر نظام سے آپ کو دور لے جائے گی

کیونکہ شہر میں کوکا کولا پینے کے لیے بھی آپ کو کیمیاء پر ابنِ تیمیہ کے فتوے کی ضرورت پڑے گی

جو آپ کو نہیں ملے گا

کیونکہ کوکا کولا کا موجد سیکولر کیمیاء دان تھا

اس کوک کو خرید کر آپ بیرونی سیکولر اقتصاد کو تقویت پہنچاتے ہیں

اور اپنے بچے کے لیے پلے سٹیشن خرید کر آپ دیگر سیکولر اقتصادیات کو تقویت بخش رہے ہوتے ہیں

کیا آپ نہیں جانتے کہ ہر روپے کے مقابل سونا ہوتا ہے؟

آپ کے تمام پیسوں کے مقابل سونا ہے جو سوئٹزرلینڈ کے سیکولر بینکوں میں محفوظ ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے مہنگی پراڈکٹ اسلحہ ہے؟

اس سیکولر کائنات سے نکلنے کے لیے شاید آپ کے پاس صرف جہاد کا راستہ ہی بچا ہو

یقیناً آپ کو رقم کی ضرورت پڑے گی اور آپ کو سودی بینکوں سے معاملات کرنے پڑیں گے

تب کہیں جاکر آپ سیکولر ملکوں کا بنایا ہوا اسلحہ خرید پائیں گے

اپنے جہاد میں بھی آپ "” کنزیومر "” ہیں اور سیکولرازم کی اقتصادیات کو قوت بخشتے ہیں

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی دوسری سب سے مہنگی پراڈکٹ دواء ہے؟

آپ کے جہاد میں کئی لوگ زخمی ہوں گے

اور کئی قتل ہوں گے

یہاں آپ کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ مسلمان تھے یا نہیں

کیونکہ آپ کا مقصد انتہائی پاک صاف ہے

مگر وہ سیکولر ملکوں کی اقتصادیات کو قوت بخشتا ہے

اسلحے کے لیے پیسہ چاہیے اور دواء کے لیے بھی پیسہ چاہیے

اور یہ سارے پیسے ان سیکولر ملکوں کو جائیں گے

جو آپ کے پیسے سے مزید طاقتور ہوں گے

جس سے وہ مزید تحقیق کریں گے

اور مزید نئی نئی ایجادات سامنے لائیں گے

میں اپنے آپ کو بے قصور قرار نہیں دے رہا

میں بھی نہ چاہتے ہوئے اس بیرونی سیکولرازم کو طاقت بخش رہا ہوں

تو اب آپ کی رائے میں اس طرح کی صورتحال کا کیا حل ہے؟

میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے اکابرین اور ان کے اقوال کو فی الحال رہنے دیں

آپ انسان ہیں جسے اللہ نے "” بہترین صورت "” میں بنایا ہے

اپنی عقل اور دل سے سوچیے

کیا اللہ نے اس کائنات میں ہر چیز کے لیے "” سبب "” نہیں بنایا ہے؟

آپ آسمان سے ایسے نہیں ٹپکے تھے

بلکہ ایک مرد وعورت کی شادی ہوئی تھی

پھر وہ ہمبستر ہوئے

اور آپ نطفے سے علقہ ہوئے… حتی کہ

آپ بہترین صورت میں برآمد ہوئے

یہ سارے اسباب تھے تاکہ آپ اس دنیا میں آئیں

تو پھر آپ کو عالمی قوتوں کے اسباب نظر کیوں نہیں آتے؟

آپ یہ اسباب اپنا کر ان سے استفادہ حاصل کیوں نہیں کرتے؟

اپنے دین میں، دنیا میں اور ارد گرد میں

لیکن افسوس

اس کے بجائے آپ نے اپنی اور اپنے چیلوں کی عقل پر تالے لگا دیے ہیں

آپ سیکھنا نہیں چاہتے

بلکہ طوطے کی طرح صدیوں پرانا رٹا دہرانا چاہتے ہیں

اور دہرائے چلے جا رہے ہیں

یہ جانے بغیر کہ آپ "” کنزیومر "” بن گئے ہیں

اور روزانہ اپنے پیسوں سے اپنی ضروریات خرید کر

بیرونی سیکولرازم کو طاقتور بنا رہے ہیں

پھر مجھ سے پوچھتے ہیں کہ: کیا تم سیکولر ہو؟

جواب دیں

0 Comments
scroll to top