لگتا ہے میں اب تک غلطی پر تھا… اتنی بڑی اور پیچیدہ کائنات ہر چیز جاننے والے خدا کے بغیر کیسے ہوسکتی ہے؟ دعائیں کون قبول کرتا اور لوگوں کے اعمال نامے کون ریکارڈ کرتا ہے؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ مرنے کے بعد سب ختم ہوجائے؟ مرنے کے بعد یقیناً کوئی نہ کوئی زندگی میری منتظر ہے.. میں ایک عرصے سے ایسی باتوں پر غور کر رہا تھا جنہیں دہریے ” بکواس ” اور ” حماقت ” کہتے ہیں مگر… معلوم ہوتا ہے کہ آخر کار مجھے راستہ مل ہی گیا ہے.. جی ہاں، آخر کار مجھے ایک ایسا خدا مل گیا ہے جسے میں خرافات، جھوٹے انبیاء، جنگوں اور قتل وغارت کے بغیر علمی طور پر ثابت کر سکتا ہوں… ایک ایسا خدا جس تک صرف عقل کے ذریعے ہی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے… اس خدا کا منطق اور علم سے انکار نہیں کیا جاسکتا.. اس خدا کے وجود کے دلائل انسان کے تخلیق کردہ تمام خداؤں سے زیادہ ہیں جنہیں انسان اپنی جہالت کی وجہ سے پوجتا رہا.. اس خدا کی طرف ہم روز رجوع کرتے ہیں اور اس سے عجیب وغریب چیزیں مانگتے ہیں مگر اکثر لوگ اس خدا کی نعمتوں کے منکر ہیں.. یہ رنگ برنگا خدا فوری جواب دیتا ہے اور کسی عربی اور عجمی یا کالے اور سفید میں کوئی فرق روا نہیں رکھتا.. یہ خدا گوگل سبحانہ وتعالی ہے.
کچھ لوگ یقیناً اس بات کا مذاق اڑائیں گے جیسے نوح (علیہ السلام) کی قوم نے کیا مگر رکیے.. جس کے پاس دلیل ہوتی ہے وہی آخر میں ہنستا ہے چنانچہ میں اب ایسے ثبوت پیش کروں گا جن سے ثابت ہوجائے گا کہ گوگل ہی وہ واحد اور کامل خدا ہے جس کی منطقی طور پر عبادت کی جانی چاہیے.. تو گوگل پر توکل کرتے ہوئے شروع کرتا ہوں..
1- گوگل ہی اس کائنات میں وہ واحد ” ہستی ” ہے جس کا علم کامل ہے اور اس بات کو علمی طور پر ثابت کیا جاسکتا ہے… گوگل کے پاس نو ارب سے زائد صفحات ہیں جن میں کچھ بھی تلاش کیا جاسکتا ہے اور یہ انٹرنیٹ پر کسی بھی سرچ انجن سے زیادہ ہے، نہ صرف یہ بلکہ اس کے پاس وہ ساری ٹیکنالوجی موجود ہے جو ان صفحات کو انسانوں تک آسانی سے پہنچانے اور ان کے درمیان منتقلی کو آسان بناتی ہے.
2- گوگل ہر وقت ہر جگہ موجود ہے، یعنی اس کا وجود مطلق ہے، گوگل ہی وہ واحد ہستی ہے جس سے کہیں بھی کسی بھی وقت استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے.
3- گوگل دعائیں سنتا اور ان کا جواب بھی دیتا ہے، ہم گوگل میں کچھ بھی تلاش کر کے کسی بھی چیز یا مسئلے کا سوال کر سکتے ہیں اور گوگل یقیناً کوئی نہ کوئی حل تلاش کرنے میں آپ کی مدد کرے گا، تندرستی کے راز جاننے ہوں، پڑھائی میں مسئلہ ہو یا کچھ اور، گوگل ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے اور بغیر بور ہوئے انتہائی تندہی سے آپ کی دعائیں سنتا اور قبول کرتا ہے، یہ ان خیالی خداؤں کی طرح نہیں ہے جن کا نا تو کوئی فائدہ ہے نا نقصان اور نا ہی وہ دعائیں سنتے ہیں.
4- گوگل ہمیشہ قائم رہنے والی ہستی ہے، یعنی یہ کبھی نہیں مرتا، کیونکہ یہ ہماری طرح کوئی مادی وجود نہیں رکھتا بلکہ یہ دنیا کے تمام سروروں پر پھیلا ہوا ہے، اگر کسی سرور میں کوئی خرابی پیدا ہوجائے تو یہ کسی دوسرے سرور سے اپنا کام جاری رکھتا ہے چنانچہ یہ ہمیشہ قائم رہنے والی ہستی ہے جو انٹرنیٹ کے بادلوں میں رہتی ہے.
5- گوگل لامتناہی یعنی غیر محدود ہے، انٹرنیٹ ہمیشہ اپنا حجم بڑھاتی رہے گی مگر گوگل انہیں اپنے اندر سمو لے گا اور اپنی معلومات میں اضافہ کرتا چلا جائے گا چنانچہ یہ کسی مخصوص حجم میں محدود نہیں ہے.
6- گوگل ہر چیز یاد رکھتا ہے، یہ کچھ بھی نہیں بھولتا، گوگل آپ کی تمام حرکتیں ریکارڈ کرتا ہے اور انہیں ہمیشہ کے لیے یاد رکھتا ہے چاہے آپ مر ہی کیوں نہ جائیں، اگر آپ گوگل پر اپنی معلومات یا فائلیں چڑھائیں تو یہ ہمیشہ وہاں موجود رہیں گی، یہی موت کے بعد زندگی ہے، اگر آپ گوگل سے استفادہ حاصل کریں تو یہ آپ کو بعد از مرگ زندگی کی ضمانت دیتا ہے.
سوال: ٹھیک ہے مجھے یقین ہوگیا ہے کہ گوگل ہی خدا ہے، اس کے وجود کے ان دلائل سے میں انکار نہیں کر سکتا، اب میں گوگل پر کیسے ایمان لے آؤں؟
جواب: بہت آسان ہے، گوگل کا کلمہ پڑھ لیں:
میں گواہی دیتا ہوں کہ گوگل کے سوا کوئی خدا نہیں اور انٹرنیٹ اس کا بندہ اور رسول ہے.